ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوگی حکومت کورونا کے بارے میں سنجیدہ نہیں: اکھلیش یادو

یوگی حکومت کورونا کے بارے میں سنجیدہ نہیں: اکھلیش یادو

Thu, 19 Mar 2020 23:50:49    S.O. News Service

لکھنؤ،19؍مارچ (ایس او نیوز؍یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کے روز اتر پردیش کی یوگی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وزیر اعلی کورونا وائرس کے انفیکشن کو ایک وبا کے طور پر قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ اس قہر کے حوالہ سے ذرا بھی سنجیدہ نہیں ہے۔ اکھلیش نے یہ بات صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی اسپتال میں کورونا جانچ کے لئے کوئی اچھی سہولت موجود نہیں ہے۔ نہ ہی اسپتال دستیاب ہیں اور نہ ہی ادویات موجود ہیں اور علاج تک میسر نہیں ہو پا رہا ہے، ایسے حالات میں عوام کورونا وائرس کا مقابلہ کیسے کریں گے۔ یوگی حکومت اس بارے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی یوگی حکومت مضبوط فیصلہ ساز حکومت نہیں ہے۔ یہ حکومت کسانوں کے گنے کی ادائیگی کا حساب سب سے پہلے شمار کراتی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ صوبہ کے کسان پریشان حال ہیں۔ موجودہ وقت میں، کھاد سمیت بہت سی چیزیں مہنگی ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ یوپی کے کسانوں نے خودکشی کی ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت اپنے انتخابی ’سنکلپ پتر‘ کو پلٹ دینا چاہتی ہے۔ ریاست میں غنڈہ راج اور بدعنوانی عروج پر ہے۔ لکھنؤ کے آس پاس خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ تین سال قبل ہونے والی ’انویسٹر سمٹ‘ کا کیا نتیجہ نکلا! جو کام تین سال میں نہیں ہوسکا، وہ اب کیا ہوگا!

سابق وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایس پی اپنے تمام پروگراموں کو آگے مؤخر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ایس پی کے تمام کارکنوں سے عوام کی مدد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ اب تمام پروگرام نوراتری کے بعد منعقد ہوں گے۔ سائیکل چلانے والا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے، تحصیل سطح پر تمام پروگرام منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے پروگرام اب 22 اپریل سے شروع ہوں گے۔‘‘

’دروغ گوئی میں ’نمبر ون‘ ہے یوگی حکومت‘: یوگی حکومت پر سابق سماج وادی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے پروجکٹوں کو اپنا نام دینے کا الزام لگاتے ہوئے اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ذات۔پات کو فروغ دینے اور مسلم سماج کی ہراسانی میں اول مقام پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ یوگی حکومت کو جھوٹ بولنے میں نمبر ون کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ اس حکومت کو ایس پی کی اسکیمات کو اپنا بتانے کے بجائے ’انتخابی منشور‘ میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے کام کرنا چاہیے۔

پوروانچل ایکسپریس وے اور میٹرو ریل کی تعمیر کا آغاز ایس پی کے میعاد میں ہوا تھا وہیں ریاست میں ایمس کی تعمیر کے لئے ان کی حکومت نے ہی مرکز کو زمین دینے کی تجویز دی تھی۔ اس کے علاوہ کئی پروجکٹس ان کی حکومت کے ہی میعاد کار میں شروع ہو چکے تھے جنہیں موجودہ حکومت اپنی حصولیابی بتا کر اپنی پیٹھ تھپتھپا رہی ہے۔

سال 2022 کے اسمبلی انتخابات میں 351 سیٹوں پر کامیابی درج کرنے کا دعوی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سبھی طبقات کے افراد کو ساتھ لے کر چلے گی اور اگلے انتخابات میں مکمل اکثریت حاصل کرے گی۔


Share: